ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دوسروں کی حب الوطنی ناپنے کا حق کسی کو نہیں:موہن بھاگوت

دوسروں کی حب الوطنی ناپنے کا حق کسی کو نہیں:موہن بھاگوت

Sun, 12 Feb 2017 11:24:59  SO Admin   S.O. News Service

بھوپال11فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)کسی کو بھی دوسرے شخص کی حب الوطنی ناپنے کا حق نہیں ہے۔یہ بات آر ایس ایس کے سرسنگھ چالک موہن بھاگوت نے ہفتہ کویہاں کہی۔مدھیہ پردیش کے آٹھ روزہ دورہ پر آئے بھاگوت نے یہاں ہندوستان عمارت میں صحافی وجے منوہر تیواری کی کتاب ’ہندوستان کی تلاش میں میرے پانچ سال‘کااجراء کرتے ہوئے کہاکہ کسی کو بھی دوسرے کی حب الوطنی کو ناپنے کاحق نہیں ہے، مجھے بھی نہیں ہے جو اپنے کو اس ملک کا کرتا دھرتا مانے اسے بھی یہ حق نہیں ہے۔کوئی بھی کسی کی کتنی حب الوطنی ہے، اسے ناپ نہیں سکتا۔اس سے قبل بدھ کو انہوں نے کہا تھا کہ مسلمانوں کی عبادت کا طریقہ مختلف ہو سکتا ہے، لیکن ان کی قومیت ہندوہے۔’ہندوکانفرنس‘میں آئے لوگوں کو یہاں سے خطاب کرتے ہوئے بھاگوت نے کہاتھاکہ جو ہندوستان میں رہتے ہیں اور یہاں کی روایت کا احترام کرتے ہیں، وہ سب کے سب ہندو ہیں۔مسلمان عبادت سے مسلم ہوں گے، لیکن قومیت سے ہندوہیں۔ایسی صورت میں تمام ہندوؤں کیلئے ہندوستان کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے معاشرے کو دنیا ہندوکہتی ہے۔تمام ہندوستانی ہندو ہیں اور ہم سب ایک ہیں۔بھاگوت نے کہاکہ ملک کے اعزازکیلئے ہندوؤں کو بیدار رہنا ہوگا۔


Share: